تمام حفاظتی فورسز سے پولیس کا بہترین تال میل: دلباغ سنگھ

سرینگر //سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرل سدھیر کمار سکسینہ نے پولیس ہیڈ کوارٹر سرینگرکا دورہ کرکے جموںوکشمیر پولیس سر براہ دلباغ سنگھ سے ملاقات کی۔ دلباغ سنگھ نے سدھیر کمار سکسینہ سے بات چیت کے دوران کہا کہ جموں وکشمیر پولیس متعدد فرائض سرانجام دے رہی ہے اور وہ مختلف محاذوں پر عسکریت پسندی کا مقابلہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی ایس ایف سمیت سیکورٹی فورسز کے ساتھ قریبی ہم آہنگی ہیں اور پولیس جموں و کشمیر کے لوگوں کی سلامتی اور اہم تنصیبات کی حفاظت کررہی ہے۔ دلباغ سنگھ نے کہا کہ پولیس کاسی آئی ایس ایف سمیت دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ بہترین تال میل ہے اور اچھے طریقے پر کام انجام دے رہے ہیں۔ ڈی جی پی نے کہا کہ جموں و کشمیر سے پولیس جنگجویانہ کاروائیوں اور اس کے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کر رہی ہے اور عسکریت پسند گروہوں کے خلاف فوری کاروائی کے لئے انٹلیجنس گرڈ کو مضبوط کیا گیا ہے۔ڈی جی پی نے کہا کہ گذشتہ چند سالوں کے دوران جموں و کشمیر پولیس میں ہتھیاروں ، تربیت کی مہارت اورٹیکنالوجی میں بہت تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی سے چلنے والے گیجٹ متعارف کروائے گئے ہیں۔ڈی جی سی آئی ایس ایف نے جموں و کشمیر میں امن کے لئے کئے جارہے شاندار کام کے لئے ڈی جی پی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بحالی اور جموں و کشمیرکوعسکریت پسندوں سے آزادکرانے میں پولیس کا بہت بڑا کردار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور سی آئی ایس ایف  یونین ٹیریٹری میں اہم تنصیبات کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے مل کر کام کرتی رہے گی۔