تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندیاں | پہلگام میں قائم دکانوں کی حالت ناگفتہ بہہ

سرینگر// پہلگام اپنی خوبصورتی کے لئے پوری دنیا میں مشہور ہے لیکن اس خوبصورت قصبہ کی حالت جو ایک صدی پہلے تھی آج بھی ویسی ہی ہے ۔ قدیم طرز کی عمارتیں اور دکانیں اندر سے بوسیدہ ہوچکی ہیں کیونکہ یہاں پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کسی بھی طرح کی تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی لگادی گئی ہے۔ مقامی لوگوں اور تاجروںنے بتایا کہ جس طرح سے گلمرگ اور دیگر سیاحتی مقامات کو ترقی دی گئی ہے اور وہاں دکانوں کو جدید طرز پر بنایاگیا ہے یہاں بھی ایسا ہی ہونا چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ اگر پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی ہی از خود یہ کام انجام دیتا تو اس سے قصبے کی ہئیت تبدیل ہوجاتی اور یہاں آنے والے سیاح خوش ہوجاتے ۔پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ایگزیکٹیو افسر مسرت ہاشم نے اس سلسلے میںکہا کہ لوگوںکا مطالبہ برحق ہے اورقصبے میں دکانوں کی از سر نو تعمیرماسٹر پلان کے تحت ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ دکانوں کو نئے طرز پر تعمیر کرنے کیلئے لوگوں کو بھی محکمہ کے ساتھ تعاون کرناچاہئے کیونکہ یہ کام راتوں رات نہیں ہوسکتا ہے بلکہ اس میں کافی وقت لگ سکتا ہے ۔ سی این آئی