تعلیم یافتہ خواتین زرعی سرگرمیوں کی طرف راغب

سرینگر//محکمہ زراعت کے اہتمام سے عالمی دن برائے دیہی خواتین کی مناسبت سے وومن فارمرس ڈے منایا گیا ۔ناظم زراعت کشمیر سید الطاف اعجازا ندرابی نے زرعی کمپلیکس لال منڈی میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ناظم زراعت نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد اُن کسان خواتین کی قابل تقلید خدمات کا اعتراف کرنا ہے جو وہ زرعی شعبے کی پائیدار ترقی کے لئے انجام دے رہی ہیں ۔زرعی شعبے سے 60سے70فیصد خواتین وابستہ ہیں اورحوصلہ افزا ء بات یہ ہے کہ بہت ساری تعلیم یافتہ خواتین شہری زرعی سرگرمیوں کی طرف راغب ہورہی ہیں۔ناظم زراعت نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے یہ کوشش کی جارہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ خواتین زرعی شعبے کو اپنا کر اپنے کنبے کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے امکانات روشن کریں۔ناظم زراعت نے خواتین کو وسیع پیمانے پر زرعی شعبے سے جُڑنے کیلئے کئے جارہے اقدامات کو اُجاگر کیا ۔اس موقعہ پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ 15اکتوبر کو ہر سال وومن فارمرس ڈے منایاجائے گاتاکہ فارمنگ سے جُڑنے کے لئے خواتین کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔اس سے قبل کئی مقررین اورماہرین نے خواتین کی زرعی سرگرمیوں اور پروگراموں کو اُجاگر کرنے کے علاوہ وومن ڈے منانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔