تعلیم یافتہ بے روزگاروںکو ایمپلائمنٹ محکمہ ہر ممکن مدد فراہم کرے: گنائی

سری نگر//گورنر کے صلاح کار خورشیدا حمد گنائی نے ایمپلائمنٹ محکمہ کو ریاست کے پڑھے لکھے بے روز گار نوجوانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی تلقین کی ہے تاکہ وہ بدلتے جاب مارکیٹ میں اپنا روزگار حاصل کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ ایمپلائنٹ ایکسچینجز کو ووکیشنل تربیت اور کیئریر کونسلنگ پر توجہ دے کر نوکری فراہم کرنے والے افراد کو رجسٹرڈ امید واروں کے ساتھ جوڑنا چاہیئے ۔ صلاح کار نے محنت و روزگار محکمہ کے کام کاج اور پردھان منتری شرم یوگی من دھن یوجنا کا جائزہ لینے کے دوران اِن خیالات کا اظہار کیا ۔ میٹنگ میں محنت و روزگار محکمہ کے کمشنر / سیکرٹری سوربھ بھگت، لیبر کمشنر بشیر احمد خان ، ڈائریکٹر ای ڈی آئی طفیل متو، ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ وائی پی سمن ، منیجنگ ڈائریکٹر وومنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن ناہیدہ سوز ، سی ای او ، بی او سی ڈبلیو ڈبلیو بی پیر مظفر کے علاوہ محنت و روزگار محکمہ کے تما م ضلعی اور سیکٹورل افسران نے شرکت کی۔محکمے کو پے ٹی ایم ، اربن کلیپ ، ہاوسنگ ڈاٹ کام اور دیگر سٹارٹ اَپس سے ترغیب حاصل کرنے کی صلاح دیتے ہوئے صلاح کا ر نے کہا کہ نئے اختراعی اقدامات سے صنعت کاری کو فروغ دینے میں کافی مدد ملے گی۔کام گاروں کے لئے کام کرنے کی سہولیات کو بہتر کرنے پر زور دیتے ہوئے صلاح کار نے لیبر قوانین کی مؤثر عمل آوری کی ہدایت دی ۔پردھان منتری شرم یوگی من دھن یوجنا کا جائزہ لیتے ہوئے صلاح کار نے سی آئی سیز میں ورکروں کی رجسٹریشن کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی ۔اس سکیم کے تحت لیبر کلاس سے جُڑ ے افراد کو 60سال کی عمر کے بعد پنشن فراہم کیا جاتا ہے اور ابھی تک ریاست میں ایسے 56313  افرادکی رجسٹریشن کی گئی ہے جب کہ 46927کارڈ پرنٹ کئے گئے ہیں ۔اس سے قبل محکمہ کے انتظامی سیکرٹری نے محکمہ کی مختلف سکیموں کے بارے میں صلاح کار کو جانکاری دی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ 2018-19ء میں 966سیلف ہیلپ گروپ رجسٹر کئے گئے جنہیں 191.54کروڑ روپے مالیت کے 2237 کام الاٹ کئے گئے ۔ای ڈی آئی کے ڈائریکٹر نے سیڈ کیپٹل فنڈ سکیم ،یوتھ سٹارٹ اَپ سکیم اور دیگر سکیموں کا خلاصہ پیش کیا ۔ انہوں نے کہاکہ اِن سکیموں کے تحت 536.77 کروڑ روپے مالیت کے پروجیکٹ منظور کئے گئے اور 13464صنعتیں قائم کر کے 43192افراد کو روزگار فراہم ہوا ۔لیبر کمشنر نے لیبر قوانین اور کامگاروں کی سہولیت کے لئے ادائیگی کے آن لائن نظام اور دیگر کاموں کے بارے میں جانکاری دی ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ 5.10 لاکھ پروڈنٹ فنڈ اکائونٹس کی ڈیجیٹائزیشن کی گئی ہے اور اگلے مرحلے میں دیگر دستاویزات کی سکیننگ کی جائے گی۔صلاح کار نے بلڈنگ اینڈ اَدر کنسٹرکشن ورکرس ویلفیئر بورڈ کے کام کاج اور تعلیم اور شادی بیاہ ، زخمی ہونے ، معذوری اور اموات کی صورت میں مالی مدد فراہم کرنے کے اقدامات کی سراہنا کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ 2011ء سے اب تک کامگاروں میں 371.99 کروڑ روپے کی مالی معاونت فراہم کی گئی جس میں تعلیمی معاونت 266.82کروڑ روپے ،شادی بیاہ کیلئے 73.98کروڑ روپے ،اموات کے معاملات میں 24.82کروڑ روپے کی مالی معاونت شامل ہے۔