تعلیم کا دُنیا میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے اہم رول:کویندر

 جموں //جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے طُلاب پر زوردیا ہے کہ وہ تعلیم کے ذریعے علم حاصل کر یں اور زندگی میں کچھ کر کے دکھائیں۔سپیکر موصوف گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گاندھی نگر میں آگاستیا انٹر نیشنل فاؤنڈیشن کی طرف سے منعقدہ سٹوڈنٹ سائنس فیئر کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس پروگرام کو آر۔ جھنجو والا فاؤنڈیشن اور ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن جموں کا بھی اشتراک حاصل تھا۔تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی، ایم ایل سی  رومیش اروڑہ، ایم ایل سی وکرم درندھاوا، ایم ایل سی چرن جیت سنگھ خالصہ،ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں اور دیگر متعلقہ سنیئر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔کویندر گپتا نے آگا ستیا فاؤنڈیشن اور محکمہ تعلیم کی اُن کاوشوں کو سراہا  جن کے تحت انہوں نے سٹوڈنٹ سائنس فیئر کا اہتمام کیا۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ایسے پروگرام مستقبل میں بھی منعقد کئے جائیں گے تا کہ طُلاب نئے تجربات اور ایجادات سے مستفید ہوسکیں۔پریا سیٹھی نے اس موقعہ پر کہا کہ تعلیم ایک ایسا زیور ہے جو دُنیا میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم رول ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے جامع منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔