سرینگر//سکولوں میں سیکھنے سکھانے کے عمل میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا ہے کہ ریاست کے تعلیمی سیکٹر میں مزید بہتری کیلئے جاری اقدامات میں وسعت لانے کی ضرورت ہے۔ ناظم تعلیم کشمیر نے گرلز ہائر سیکنڈی سکول کوٹھی باغ میں منعقدہ نیشنل ایچیومنٹ سروے پر پانچ روزہ ورکشاپ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔افتتاحی رسم پر سمگراہ شکھشاہ کے ڈائریکٹر طفیل متو نے گزشتہ سروے کے دوران حصولیابیوں کا خلاصہ کرتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ اس طرح کی سروے سرگرمیوں میں طالب علموں کی صد فیصد شرکت کو یقینی بنائیں۔ 11ستمبر سے 15ستمبر تک جاری رہنے والے اس ورکشاپ میں تمام چیف ایجوکیشن افسران ، ڈائٹ سربراہان اورزونل ایجوکیشن افسران شرکت کر رہے ہیں۔ ورکشاپ کے دوران سکولوں میں نیشنل اچیومنٹ سروے کے نتائج اور سیکھنے سکھانے کے عمل میں مزید بہتری لانے کے سلسلے میں درکار اقدامات پر غوروخوض کیا جائے گا۔ اپنے افتتاحی خطبے میں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر نے ورکشاپ میں موجود تمام افسران پر زور دیا کہ وہ ملک میںآئندہ ہونے والے نیشنل اچیومنٹ سروے کے بہتر نتائج کے لئے اپنی آراء اور تجاویز پیش کرکے سکولوں میں موثر درس و تدریس کے عمل کو یقینی بنائیں۔اضح رہے ملک میں نیشنل اچیومنٹ سروے کے انعقاد سے تیسری، پانچویں ، آٹھویں اور دسویں جماعت کے طالب علموں کی سیکھنے کی سطح کے بارے میں معلومات حاصل کی جاتی ہے۔ سمگراہ شکھشاہ کے اعداد و شمار کے مطابق یہ سروے 13نومبر 2017اور 5فروری2018کو ریاست جموں و کشمیر سمیت پورے ملک میں کرائی گئی ۔ یہ سروے ریاست کے 3300سکولوں میں کرائی گئی جن میںایلمنٹری سطح کے 33ہزار جبکہ سیکنڈری سطح کے 44ہزار طالب علموں نے حصہ لیا۔ پانچ روزہ ورکشاپ کے دوران NCERTسے وابستہ ڈاکٹر پرتما ، ڈاکٹر ستیہ بھوشن اور عارف احمد نامی ماہرین اپنی مہارت سے شرکاء کو آگاہ کریں گے۔ افتتاحی رسم کے دوران منعقدہ پروگرام کی کاروائی ایس آئی ای کشمیر سے وابستہ ڈاکٹر نازنین نے انجام دی۔