جموں//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے اسمبلی کے آنے والے بجٹ اجلاس کے دوران تعلیمی شعبے کے لئے کئی بڑے اعلانات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اگلے مہینے اساتذہ کی مزید 8700 اسامیاں مشتہر کرے گی تاکہ سرکاری سکولوں میں عملے کی کمی کو دور کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ان 2154اسامیوں کے علاوہ ہونگی جو پہلے ہی بھرتی ایجنسی کو ریفر کی گئی ہیں۔گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گاندھی نگر کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے اہداف ک حاصل کرنے اور بنیادی ڈھانچے میں تفاوت دور کرنے کے حکومت کے عزم کو دہرایا ۔وزیر نے کہا کہ حکومت ریاست میںتعلیمی شعبے میں معیار کی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے ایک واضع نقش راہ پر عمل کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مختلف سطحوں پر بنیادی ڈھانچے اور عملے کی کمی کو دور کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ انہیں یہ کہنے میں کوئی جھجھک محسوس نہیں ہو رہی ہے کہ پچھلے 70 برسوں کے دوران شعبہ تعلیم کو نظرانداز کیا گیا لیکن اب محکمہ میں نئے اصلاحات اور پالیسیاں لائی جارہی ہیں۔طلاب کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ سرکاری سکولوں سے متعلق غلط تاثر کو ذہنوں سے نکالا جائے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت والی سرکار اس شعبے کو دوام بخشنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکول بھی اب مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور سرکاری سکول کے طلاب نجی سکولوں کے طلاب سے کسی بھی طرح کم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت طلاب کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
تعلیمی سیکٹر میں کئی بڑے اعلانات متوقع
