پرویز احمد
سرینگر //سرحدی ضلع کپوارہ کے تعلیمی زون لنگیٹ میں کام کرنے والے 151سکولوں میں اساتذہ کی کمی اور بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ زون کے 26سکول پینے کے صاف پانی، 13سکول بجلی اور139سکول لائبری اور لیبارٹری جیسے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ زونل ایجوکیشن آفس کی طرف سے فراہم کی گئی جانکاری میں بتایا گیاکہ زون کے 151سکولوں میں 6975طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں جن میں سے 78پرائمری سکولوں میں 2780، 61مڈل سکولوں میں 1356، ہائی سکولوں میں1045 جبکہ 4ہائر سیکنڈری سکولوں میں 1794طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ 151پرائمری ، مڈل ، لورمڈل ، ہائی اور ہائرسیکنڈری سکولوں میں 298اساتذہ تعینات ہیں جبکہ ہیڈ ماسٹروں کی 9اسامیوں میں ایک خالی ہے۔ زون میں سروس شکھا ابھیان کے تحت اساتذہ کی 25اسامیاں منظور شدہ ہیں جن میں سے 10 خالی ہیں۔ تعلیمی زون میں 151سکولوں میں 26پرائمری ، مڈل اور ہائی سکول بغیر پانی کی سہولیات ہیں جن میں ہائی سکول کچلو، لورمڈل سکول لالی باغ، پرائمری سکول سنوانی، پرائمری سکول چھترہال، پرائمری سکول لولی پورہ، پرائمری سکول ڈار محلہ کے علاوہ 20سکول شامل ہیں۔ زون کے 151سکولوں میں 13سکول بغیر بجلی کے کام کررہے ہیں جن میں سے پرائمری سکول خان محلہ وانی گام، گرلز ہائر سیکنڈری سکول لنگیٹ، ایس ایس اے پرائمری سکول کارگام، پرائمری سکول کچلو ڈی ایم، پرائمری سکول مندی گام، لور مڈل سکول حاجن، پرائمری سکول بٹہ محلہ کے علاوہ4سکول ہیں۔ لنگیٹ کے 151سکولوں میں سے صرف 12سکولوں میں لیبارٹری اور لائبری کی سہولیات دستیاب ہیں جبکہ 139سکول بغیر لیبارٹری اور لائبریوں کے کام کررہے ہیں۔