بانہال //تعلیمی زون بانہال کے سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم جاری ہے جس کے بعد گزشتہ دو ہفتوں کے دوران791نئے بچوں کا سرکاری سکولوں میں داخلہ کرایا گیا۔جاری داخلہ مہم کے تحت سنیچروار کے روز تعلیمی زون بانہال کے ڈولیگام علاقہ میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا اور پر پرائمری سکول اس مہم کا مرکز بنایا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے مہم میں موجود والدین اور مقامی لوگوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کریں اور حکومت کی جانب سے طلبا کے لیے فراہم کی جارہی سکیموں سے فائدہ اٹھائیں ۔ زیڈ ای او اے آر گیری نے سرکاری سکیموں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہاں مفت نصابی کتابیں، ایم ڈی ایم کھانا، مفت وردی ، سکالرشپ اور بہت کچھ دیا جاتا ہے اور والدین کو اپنے بچوں کا داخلہ سرکاری سکولوں میں کرنے میں مزید کوئی تاخیر نہیں کرنی چاہئے ۔ انہوں نے والدین اور مقامی لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم سرکاری سکولوں میں بچوں کو معیاری اور بہتر تعلیم فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور سرکاری سکولوں میں نظام تعلیم میں مزید بہتری آرہی ہے ۔اس مہم کے دوران تانترے پورہ ڈولیگام کے ملحقہ وارڈوں میں ایک ریلی بھی نکالی گئی جس میں طلبا ،والدین ، اساتذہ اور پنچایتی نمائندوں نے حصہ لیا ۔ بچوں کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز تھے جس میں عوام کیلئے تعلیم کی اہمیت کے بارے میں جانکاریاں دی گئی تھیں ۔ زونل ایجوکیشن آفیسر گیری نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈولیگام کی ان دو پنچایتوں کے مختلف سکولوں میں 71نئے اور 5ڈراپ آﺅٹ داخلے کئے گئے ہیں اور ایجوکیشن زون بانہال میں گزشتہ دو ہفتوں سے جاری اس مہم کے دوران کل 791نئے داخلے کرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران عوام کا مثبت ردعمل سامنے آ رہا ہے اور والدین اور سماج کے عام لوگوں اور زمہ داروں کے اشتراک اور تعاون سے محکمہ تعلیم کی یہ مہم کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے وہاں موجود اساتذہ سے کہا کہ وہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں کوئی بھی کمی باقی نہ رکھیں اور اسکولوں میں رول بڑھانے کی کوشش کریں ۔
تعلیمی زون بانہال میں داخلہ مہم جاری
