سرینگر// محکمہ سکول ایجوکیشن نے کہا ہے کہ کورونا سے ایک سال سے زائد عرصے سے بند پڑے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے یکم مارچ سے تدریسی کام شروع کریں گے۔ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن محمد یونس ملک نے بتایا کہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو کھولنے کے حوالے سے کوئی الجھن نہیں ہے اور اس سلسلے میں ہم نے پہلے ہی حکمنامہ جاری کیا ہے اور اس پر پوری طرح عمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ10 دسمبر 2020 کو وادی کے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا اور اب یہ اسکول یکم مارچ کو دوبارہ معمول کے مطابق اپنا کام کاج شروع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ28 فروری تک سرکاری اور نجی اسکولوں میں سردیوں کی چھٹیوں کا جو اعلان کیا گیا تھا اب یہ چھٹیاں ختم ہونے والی ہیں۔ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں درس تدریس شروع ہونے سے 5 دن قبل ہی تمام سکولوں کی فو میگیشن کی جائیگی اور کوویڈ رہنما خطوط پر سکولوں کے منتظمین از خود عملدر آمد کو یقینی بنائیں گے۔