سرینگر // وادی کے تعلیمی اداروں میںٹیکہ کاری کیلئے شروع کی گئی 15روزہ خصوصی مہم کے ابتدائی 5دنوں کے دوران 30فیصد طلبہ اور90فیصد تدریسی و غیر تدریسی عملہ کوکورنا مخالف ویکسین دیئے گئے۔ ڈویژنل کووڈ کنٹرول روم میں بطور نوڈل آفیسر تعینات ڈاکٹر طلعت جبین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ مجھے جو جانکاری دی گئی ہے، اس کے مطابق 6اپریل سے ابتک 30فیصد طلبہ اور 90فیصد تدریسی غیر تدریسی عملہ کی ٹیکہ کاری کے تحت پہلا ڈوز دیا گیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اور تدریسی و غیر تدریسی عملہ کی ٹیکہ کاری کا سلسلہ 15دنوں تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ تیسری مہم کے دوران طلبہ اور اساتذہ کا ٹیکہ کاری کی طرح رحجان کافی اچھا ہے اور کالجوں میں ٹیکہ کاری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ڈاکٹر طلعت جبین نے بتایا کہ خصوصی ٹیکہ کاری مہم کے ساتھ مختلف کالجوں کے پرنسپلوں کو کورونا مخالف طریقہ کار کے بارے میں جانکاری دینے کیلئے خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ڈاکٹر طلعت جبین نے بتایا کہ جمعرات کو وسطی کشمیراور جمعہ کو جنوبی کشمیر کے کالجوں میں تعینات پرنسپلوں کو کووڈقوائد و ضوابط اور ایس او پیز کی جانکاری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سنیچر کو شمالی کشمیر کے کالجوں میں تعینات پرنسپلوں کو کورونا مخالف قوائد و ضوابط اور ایس او پیز پر عمل آواری کے فوائد کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ ڈاکٹر جبین نے کہا کہ ٹیکہ کاری کا یہ عملہ مقررہ معیاد کے بعد بھی جاری رہے گا کیونکہ ہم نے طلبہ ء کو کورونا مخالف ویکسین لینے اور ایس او پیز پر عمل آوری کی افادیت پر جانکاری دینے کیلئے خصوصی پروگراموں کا انعقاد کرنا ہے اور ان پروگراموں میں ویکسین لینے سے کترانے والے طلبہ کو ٹیکہ کاری کیلئے رضامند کیا جائے گا۔