عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ ( سماجی کام) کے ایک طالب علم، جو کہ ایک وقف این ایس ایس رضاکار ہے، کو صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمونے راشٹرپتی بھون، نئی دہلی میں مثالی سماجی خدمات کے لیے این ایس ایس ایوارڈ سے نوازا ہے۔ رضاکار کفایت اللہ ملک نے تعلیم، ماحولیات، خواتین کو بااختیار بنانے، منشیات سے نجات، خون کے عطیات، صفائی ستھرائی اور صحت و صفائی میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔نیشنل سروس اسکیم (NSS) کے ذریعے ان کی قابل ستائش سماجی خدمات کے اعتراف میں، ملک کو سال 2021-22 کے لیے نیشنل سروس اسکیم ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔کفایت اللہ کی بے لوث خدمات کو “قابل ستائش” قرار دیتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کفایت اللہ کو یہ باوقار ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی۔اپنے مبارکبادی پیغام میں، وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان نے کہا کہ ملک کی نامزدگی تاریخی ہے کیونکہ “یہ پہلی بار ہے کہ کشمیر یونیورسٹی سے کوئی وصول کنندہ ہے، جو شمال میں خطے کی نمائندگی کر رہا ہے”۔رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر نے، شعبہ سوشل ورک کی سربراہ ڈاکٹر شازیہ منظور نے بھی انہیں مبارکباد دی ہے۔ کفایت اللہ ملک نے 2022-23 میں 47,350 روپے اکٹھے کیے اور سینکڑوں پسماندہ اور یتیموں کو اسٹیشنری کا ضروری سامان فراہم کیا۔کفایت اللہ پہلے ہی متعدد ایوارڈز حاصل کر چکے ہیں جن میں یونیورسٹی کا بہترین نیشنل سروس سکیم رضاکار ایوارڈ بھی شامل ہے۔اس سال، انہوںنے نئی دہلی میں یوم جمہوریہ پریڈ کیمپ 2023 میں جموں و کشمیر کی نمائندگی کی اور کیمپ کا دوسرا بہترین رضاکار ٹھہرا۔ اسلامیہ کالج آف سائنس اینڈ کامرس سری نگر کے ماجد احمد اور یونیورسٹی کی آئی ایم ایف اے کی سبرینہ فردوس بھی کیمپ کا حصہ تھیں۔