تصدق مفتی کی صدارت میں ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ منعقد

 بجلی کی کمی پورا کرنے کیلئے کشمیر جارہی لائن سے رسیونگ اسٹیشن قائم کرنیکی وکالت کی 

پونچھ//سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی جو کہ پونچھ ضلع ترقیاتی بورڈ کے چیئر مین بھی ہیں، کی صدارت میں ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع انتظامیہ کے سبھی افسران اور مختلف محکموں کے سربراہوں نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں بولتے ہوئے وزیر نے منصوبوں کی تکمیل کیلئے ایک موثر لایحہ عمل ترتیب دینے پر زور دیا ۔ میٹنگ کے دوران بورڈ نے اتفاقِ رائے سے ضلع کیلئے سال 2018-19 کیلئے 181.33 کروڑ روپے کے منصوبے کو منظوری دی ۔ میٹنگ میں پہاڑی مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین کلدیپ راج گپتا ، گجر بکروال ترقیاتی بورڈ کے وائس چیئر مین گلزار احمد کھٹانہ ، او بی سی ترقیاتی بورڈ کے وائس چیئر مین رچھپال شرما ، شیڈول کاسٹ ترقیاتی بورڈ کے وائس چیئر مین بھوشن لال ڈوگرہ ، کسان ترقیاتی بورڈ کے وائس چیئر مین دلجیت سنگھ چب ، ارکانِ قانون سازیہ شاہ محمد تانترے ، جاوید احمد رانا ، محمد اکرم چودھری ، پردیپ شرما ، شہناز گنائی اور یشپال شرما بھی موجود تھے ۔ بورڈ کے چیئر مین نے افسران پر زور دیا کہ وہ طالب علموں کی ذہانت کے عین مطابق درس و تدریس کے سلسلے میں منصوبہ ترتیب دیں تا کہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ والدین ، ماہرینِ تعلیم اور غیر سرکاری رضا کار تنظیموں کو اعتماد میں لیکر منصوبہ بنانا کار گر ثابت ہو گا تا کہ ریاست میں تعلیمی نظام کو بہتر بنایا جا سکے ۔ انہوں نے تعلیمی نظام میں اختراعی نوعیت کے اقدامات کرنے کی تلقین کی ۔ صحت شعبے میں عملے کی کمی کے تعلق سے ناظمِ صحت جموں نے کہا کہ 300 اسامیوں کو حال ہی میں پُر کیا گیا ہے اور عملے کی کمی عنقریب پورا کی جائے گی ۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ ترتیب دیا جائے گا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ایس ڈی ایچ منڈی کی عمارت کو عنقریب محکمہ صحت کی تحویل میں دیا جائے گا ۔ چنڈی مڑھ میں ٹراما ہسپتال کی تعمیر کیلئے زمین کی نشاندہی کرنے کیلئے بھی افسران کو ہدایت دی گئی ۔ ضلع میں خشک سالی کی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے وزیر نے دیہی ترقی ، زراعت اور صحت عامہ محکموں کے افسران کو ضروری ہدایات دیں ۔ میٹنگ میں کئی سڑک پروجیکٹوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بورڈ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ 7.25 کروڑ روپے لاگت والے کلائی ۔ سخی میدان سڑک پروجیکٹ کو مکمل نہ کرنے کی تحقیقات کیلئے بین محکمہ جاتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ بورڈ میٹنگ نے ضلع میں بجلی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 400 کے وی جالندھر ۔ جموں ۔ کشمیر پاور لائین سے رسیونگ سٹیشن قائم کرنے کی وکالت کی ۔چیئر مین موصوف نے گزشتہ بورڈ میٹنگ میں لئے گئے فیصلوں پر سختی کے ساتھ عمل کرنے کی ہدایت دی ۔ میٹنگ میں موجود وائس چیئر مینوں اور ارکانِ قانون سازیہ نے ضلع سے جُڑے کئی ترقیاتی معاملات ابھارے اور ترقیاتی عمل میں تیزی لانے پر زور دیا ۔ اس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے ضلع میں سال 2017-18 کی مالی حصولیابیوں کا خاکہ پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے 184.83 کروڑ روپے کے سالانہ بجٹ میں سے 162.26 کروڑ روپے دستیاب کئے گئے جن میں سے 130.09 کروڑ روپے مختلف سکیموں پر خرچ کئے گئے ۔