ترگائیں و کنڈی میں بجلی نظام صارفین کیلئے خطرہ بن گیا

کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے دیہات میں محکمہ بجلی کی جانب سے قائم کر دہ عارضی نظام صارفین کیلئے ایک بڑا خطرہ بنتا جارہا ہے لیکن محکمہ اس نظام کو بہتر کرنے کیلئے سنجیدہ نہیں ہے ۔سب ڈویژں کے پنچایت حقلہ ترگائیں اور کنڈی اپر میں بجلی کی ترسیلی لائنیں سبز درختوں اور لکڑی کے کھمبوں کیساتھ باندھی گئی ہیں جس کی وجہ سے مذکورہ ترسیلی لائنیں صارفین و دیگر جانداروں کیلئے ایک بڑا خطرہ بنی ہوئی ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ ترگائیں کو انتظامیہ کی جانب سے سمارٹ ولیج بنایا گیا تھا لیکن کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی گائوں میں لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہیں ۔غور طلب ہے کہ ان دیہات میں لوگ آ ج بھی قدیم طرز کی زندگی بسر کررہے ہیں لیکن متعلقہ محکموں بالخصوص شعبہ بجلی کی جانب سے لوگوں کو سپلائی فراہم کرنے کیلئے نہ تو ترسیلی نظام ٹھیک کیا جارہا ہے اور نہ ہی پختہ کھمبے لگائے جارہے ہیں ۔لوگوں نے بتایا کہ ترسیلی لائنیں انسانی زندگی کیساتھ ساتھ جانداروں کیلئے بھی ایک بڑا خطرہ بنے ہوئے ہیں ۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ دیہات میں بجلی سپلائی کو ٹھیک کرنے کیلئے فنڈز استعمال کئے جائیں جبکہ لاپرواہ آفیسران کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔