ریاض// سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد ترک صدر پہلی مرتبہ سعودی عرب کے دورے پر پہنچ گئے۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی دعوت پر ترکی کے صدر رجب طیب اردوان دو روز کے سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ترک صدر طیب اردوان نے جدہ آمد کے بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے تعلقات، عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ترک صدر نے اپنے وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کیا۔خیال رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے 2018 میں ترکی میں قتل کے بعد سعودی عرب اور ترکی کے تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔ ترکی نے سعودی صحافی کے قتل کی ذمہ داری سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پر عائد کی تھی۔ادھر یمن کی ریاستی کونسل کے سربراہ ڈاکٹرا رشاد محمد علیمی سعودی عرب کے دورے پر جدہ پہنچ گئے ، جہاں انہوں اعلیٰ سعودی قیادت سے ملاقات کی۔ خبررساں اداروں کے مطابق گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل اور وزیر مملکت و رکن کابینہ و مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد عیبان جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائرپورٹ پر یمن کی ریاستی کونسل کے سربراہ کا خیر مقدم کیا۔ائرپور ٹ پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ان کا استقبال کیا۔ بعد میں انہوں نے شاہ سلمان سے ملاقات بھی کی۔