ترکی کا ایران سے تجارت میں 19 ارب ڈالر اضافے کا اعلان

 انقرہ//  ترک صدر طیب اردگان نے امریکی پابندیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ایران سے باہمی تجارت 11 بلین ڈالر سے بڑھا کر 30 بلین ڈالر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی اور ترک صدر طیب اردگان کے درمیان انقرہ میں اہم ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران ایران پر امریکی پابندیوں اور خطے کے امن کو درپیش خطرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر نے ترک صدر کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی تعلقات میں استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ترک صدر نے ایران سے باہمی تجارت کا حجم 11 بلین ڈالر سے بڑھا کر 30 بلین ڈالر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکی پابندیاں انصاف پر مبنی نہیں، ایران کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ترک صدر طیب اردگان نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلوں سے خطے میں امن تباہ ہوجائے گا، عدم استحکام کی صورت حال کسی کے لیے سود مند ثابت نہیں ہوسکتی۔ دونوں ممالک کے صدور نے ترکی اور ایران کی اعلیٰ سطح کے تعاون کونسل کے پانچویں اجلاس کے انعقاد کے لیے اتفاق کیا۔ جس کے لیے تاریخ اور مقام کا اعلان جلد کیا جائے گا۔