ترقی اورعوامی خدمات کی موثر عمل آوری ،حق اطلاعات قانون بہترین ہتھیار :گنائی

 راجوری //حق اطلاعات قانون کو معیاری ترقی اور عوامی خدمات کی موثر عمل آوری کیلئے بہترین ہتھیار قرار دیتے ہوئے چیف انفارمیشن کمشنر جموں وکشمیر خورشید احمد گنائی نے اس قانون کی من و عن عمل آوری پر زور دیا۔راجوری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ یہ قانون اس بات کا حق دیتاہے کہ ایک صاف و شفاف گورننس فراہم کی جائے اور سماج سے کرپشن کا خاتمہ ہو۔اس موقعہ پر پبلک انفارمیشن افسران ، اسسٹنٹ پبلک انفارمیشن افسران ، سیکریٹری ایس آئی سی اشوک پنڈتا، ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری ، ایس ایس پی یوگل منہاس ، اے ڈی سی قیوم میر ، اے ڈی ڈی سی اے ایس چب ، ایڈیشنل ایس پی محمدیوسف ، ذرائع ابلاغ کے نمائندگان اور دیگر لوگ بھی موجود تھے ۔انہوںنے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس قانون کے بارے میں لوگوںکو زیادہ سے زیادہ بیدار کیاجائے تاکہ وہ سرکاری سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں جواب طلب کرسکیں جس سے ترقیاتی عمل معیاری ہوگا اور ساتھ ہی عوامی خدمات کی فراہمی بھی بہتر طریقہ سے ہوسکے گی ۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر راجوری نے بتایاکہ پچھلے دو برسوں کے دوران 3300آر ٹی آئی درخواستیں موصول ہوئیں جن میںسے 3200سے زائد کا نمٹاراکیاگیا۔انہوںنے کہاکہ پچھلے چھ ماہ کے دوران بڑے پیمانے پر عوامی بیداری لائی گئی اور انتظامیہ کی طرف سے 180کیمپ منعقد کئے گئے ۔دریں اثناء خورشید گنائی نے بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو 2018کلینڈر کااجرا ء بھی کیا۔