ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے مستفیدین میں موٹر رائزڈ ٹرائسکل تقسیم کیں

کپوارہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر کے صدارت میں ایک روزہ جانکاری اور تقسیم کاری کیمپ منعقد ہوا جس دوران مستفیدین میں موٹر رائزڈ ٹرائسکلیں تقسیم کی گئیں۔کیمپ کا اہتمام ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر کی طرف سے کیا گیا ۔کیمپ میں متعلقہ آفیسران کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر شرکأکو بہبودی سکیموںاور ان سکیموں سے استفادہ کرنے کی مناسبت سے جانکاری فراہم کی گئی ۔کیمپ میں موجودشرکأ سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے لوگوں کو مرکزی اور ریاستی معاونت والی سکیموں سے بھرپور استفادہ کرنے پر زوردیا۔انہوںنے متعلقہ آفیسران کو ایسے مستفیدین کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت دی جو آج تک سکیموںسے استفادہ نہیں کرسکے ہیں۔ کیمپ میں سوگام،دیور،اندر بُگ، ڈرہامہ،  ہندوارہ، امر گڈھ ویلگام اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے 14مستفیدین میں موٹر رائزڈ ٹرائسکلیں تقسیم کی گئیں۔