ترقیاتی کمشنر کا شہر کے ہسپتالوں کا دورہ

سری نگر//ڈپٹی کمشنر سری نگر، محمد اعجاز اسد نے سوموارکو شہر کے مختلف اسپتالوں کا ایک وسیع دورہ کیا اور ایس ایم ایچ ایس،امراض سینہ اور جے ایل این ایم ہسپتالوں میں میڈیکل آکسیجن جنریشن پلانٹس (او جی پیز) کے کام کاج کا جائزہ لیااور طبی آکسیجن کی مناسب اور بلاتعطل فراہمی اور دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر اور چیف انجینئر ایم ای ڈی دورے کے دوران ڈی سی کے ہمراہ تھے۔SMHS ہسپتال میںڈی سی کو بتایا گیا کہ 1000 LPM صلاحیت کے چار میڈیکل آکسیجن پلانٹس اس وقت کام کر رہے ہیں اور ہسپتال میں داخل مریضوں کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔امراض سینہ ہسپتال میں میڈیکل آکسیجن پلانٹس کا معائنہ کرتے ہوئے ڈی سی کو بتایا گیا کہ ہسپتال اس وقت میڈیکل آکسیجن کی تقریباً 3400 LPM صلاحیت پیدا کرنے کے قابل ہے۔جے ایل این ایم ہسپتال رعناواری میں میڈیکل آکسیجن کی 2000 LPM سے زیادہ صلاحیت پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔ڈی سی نے تمام متعلقہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹوںکو ہدایت کی کہ وہ تمام آکسیجن پلانٹس کا آڈٹ کریں اور آکسیجن سپلائی کے مناسب پریشر لیول کو یقینی بنائیں تاکہ پلانٹوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے ان سے یہ بھی کہا کہ وہ مزید جوش اور لگن کے ساتھ کام کریں اور خاص طور پر کوویڈ 19 کے مریضوں سے نمٹنے کے دوران مریضوں کی دیکھ بھال کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔
انہوں نے خاص طور پر خراب موسمی حالات کے دوران مریضوں کو بلاتعطل آکسیجن کی فراہمی کے لیے بجلی کے مناسب بیک اپ کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔