سرینگر//ڈپٹی کمشنر سرینگر محمداعجازاسدنے بدھ کو سرینگر شہر کاوسیع دورہ کرکے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔انہوں نے گلسر اوروچارناگ مندر کی بحالی کے کام کے علاوہ سرینگررنگ روڈ پروجیکٹ کابھی معائنہ کیا۔ان کے ہمراہ چیف پلاننگ آفیسر ،اسسٹنٹ کمشنر نزول،مونسپل کارپوریشن کے سپرانٹنڈنٹ انجینئر،ایگزیکٹیوانجینئر آئی اینڈ ایف سی ،تحصیلدارعیدگاہ اور پانتہ چھوک کے علاوہ دیگرحکام بھی تھے۔انہوں نے ترقیاتی پروجیکٹو ں پر ہورہے کام کا معائنہ کرتے ہوئے گلسر جھیل کی بحالی کے کام میں سرعت لانے کی تاکیدکی۔انہوں نے جھیل کی بحالی کے کام پراطمینان کااظہار بھی کیااور اس پورجیکٹ کو معینہ مدت کے اندرپورا کرنے پرزوردیا۔انہوں نے جھیل کی ڈرجنگ اورصفائی کے کام میں تیزی لانے اور تمام تجاوزات کوہٹانے کی ہدایت دی۔انہوں نے وچارناگ مندرکے دورے کے دوران وچار ناگ آب گاہ کی صفائی کرنے کی بھی ہدایت دی جو سندھ دریا کو گلسر سے ملاتا ہے۔انہوں نے وچار ناگ نالے سے تمام کوڑا کرکٹ ہٹانے کی بھی ہدایت دی۔