ترقیاتی کمشنر بارہمولہ کا ضلع کے بالائی علاقوں کا دورہ | بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا

بارہمولہ//حالیہ بارشوں سے بابا ریشی بارہمولہ سڑک رابطہ اچانک دھنس گیا ہے جس کے نتیجے میں کنڈی بارہمولہ کے 30 سے زائد دیہات ضلع صدر مقام سے کٹ گئے ہیں ۔اس سلسلے میں روز نامہ کشمیر عظمیٰ کے 15 اپریل کے شمارے میں ایک خبر شائع ہوئی تھی جس کی بنیاد پر  ان دیہات میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ غلام نبی ایتو نے سوموار کو مختلف متعلقہ افسران کے ہمراہ کنڈی بارہمولہ کے بالائی علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈی سی نے چندوسہ ، کٹیاولی ، پچہار اور اس سے ملحقہ دیگر دیہات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سڑکوں کی حالت کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو مرمت کا کام شروع کرنے کی فوری ہدایت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقوں کے مابین رابطے کی بحالی کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ بعد میں ڈی سی نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے پرائمری ہیلتھ سنٹر (پی ایچ سی) چندوسہ کا بھی معائنہ کیا۔