سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے 19ستمبر کو گورنر کی صدارت میںریاستی سطح پر ضلع ترقیاتی کمشنر وں اور پولیس سربراہان کی کانفرنس جو کہ ایس کے آئی سی سی میں صبح11بجے شروع ہوگی کے سلسلے میں منعقدہ ایک میٹنگ میں انتظامات کاجائزہ لیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق گورنر ستیہ پال ملک اس اہم کانفرنس کی صدارت کریں گے جس میں گورنر کے صلاح کار ،انتظامی سیکریٹریز ،صوبائی کمشنر اور ضلع ترقیاتی کمشنروں کے علاوہ ضلع پولیس کے سربراہان شرکت کریں گے۔سیکورٹی انتظامات کاجائزہ لینے کے دوران صوبائی کمشنر نے کانفرنس کے مقام پر بے چوک سیکورٹی انتظامات یقینی بنانے کے علاوہ گاڑیوں کے لئے پارکنگ اوردیگر انتظامات کاجائزہ لیا۔صوبائی کمشنر نے گورنر کو گارڈ آف آنر پیش کرنے،قومی ترانہ ،سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اورجھیل ڈل کے کناروں کی صفائی ستھرائی کے لئے کئے جارہے انتظامات کے لئے بھی متعلقہ آفیسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اس دوران ترقیاتی کمشنرسرینگر کو تقریب کی نگرانی کرنے اور بہتر انتظامات کویقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔صوبائی کمشنر نے تقریب کی کامیابی کے لئے آفیسران کو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی بھی ہدایت دی۔ناظم اطلاعات طارق احمد زرگر ،کمشنر ایس ایم سی حفیظ اللہ،ڈی آئی جی سینٹرل کشمیر ،اے کے پردی،پی ڈی ڈی،پی ایچ ای کے سپر انٹنڈنگ انجینئران ،اے آر ٹی اوکشمیر،ایس پی ٹریفک اور ایس پی سیکورٹی کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
ترقیاتی کمشنروں اور پولیس سربراہان کی مجوزہ کانفرنس
