ترقیاتی عمل کی بدولت بدلائو کا ماحول قائم:نائب وزیراعلیٰ

جموں//نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ مخلوط سرکار نے پچھلے تین برسوں کے دوران ریاست میں ترقیاتی عمل کی بدولت ریاست میں ایک بدلائو کا ماحول پیدا کیا ہے۔نائب وزیرا علیٰ ضلع کٹھوعہ کے بلاور علاقے میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ایم ایل اے بنی جیون لال ،معززسیاسی نمائندے جن میں اشوک کول ، ایڈوکیٹ وجے شرمااور ضلع کٹھوعہ کے معزز شہری کے نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔مختلف سیکٹروں میں حصولیابی کی تفصیلات دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکز ور یاست کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ریاست میں ترقیاتی سرگرمیوں کا ایک جال بچھایا گیا جن کی بدولت ریاست کے لوگوں کو مختلف سیکٹروں میں بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمل آوری ایجنسیوں کو ضروری رقومات فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ وہ ترقیاتی عمل کو جاری رکھنے میں کسی بھی قسم کی مشکلات کے شکار نہ ہوں اور تمام پروجیکٹ مقررہ معیاد کے اندر مکمل کئے جاسکیں۔ڈاکٹر سنگھ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آنے والے پنچایتی انتخابات میں زور و شور سے حصہ لیں تاکہ دیہی و دور دراز علاقوں میں ترقیاتی عمل میں تیزی لائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ مختلف سکیموں کی عمل آوری اور ترقیاتی منصوبوں کو تشکیل دینے میں لوگوں کا کی شرکت جمہوری طریقے پر یقینی بنانا ضروری ہے ۔بلاور تحصیل میں ترقیاتی سرگرمیوں کا ذکرکرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ علاقے میں 500کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام جاری ہیں جن کی بدولت علاقے میں ترقیاتی منظر نامہ زمینی سطح پر لوگوں کو نظر آنے لگا ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت 105کرو ڑروپے کی لاگت سے 21 نئی سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیںجن کی بدولت مختلف دیہات کو جوڑنے میں آسانی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ بلاور سے سکھرالا تک سی آر ایف کے تحت دو گلیاروں والی سڑک پر کام شروع کرنے کے لئے 19.5کرو ڑروپے خرچ کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ حلقہ انتخاب میں تمام بڑی سڑکوں پر میکڈم بچھانے کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔