ترقیاتی عمل میں لوگوں کی شمولیت لازمی:ذوالفقار

راجوری//خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین و قبائلی امور کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے ضلع انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ ضلع کے ترقیاتی عمل میں لوگوںکو شامل کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے گنڈا، پکری اور بالا دیہات میں کلسٹر ماڈل ولیج قائم کرنے کے لئے10 کروڑ روپے منظور کئے ہیں۔وزیر موصوف ڈاک بنگلہ راجوری میں ایک عوامی دربار کے دوران لوگوں سے خطاب کر رہے تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود نے اس دربا رمیں شرکت کی اور اپنے اپنے مسائل اُن کی نوٹس میں لائے۔ انہوں نے سڑک رابطوں ، صحت، تعلیم، بجلی، پانی اور دیہی ترقی کے شعبوں کے مسائل اُجاگر کئے۔اس دوران افسروں نے مختلف پروجیکٹوں کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔وزیر نے افسروں کو ضلع کی اہم سڑکوں کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف شعبوں میں رقومات کے منصفانہ تصرف کو یقینی بنائیں تا کہ پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ دیرپا اثاثے بھی قائم کئے جاسکیں۔وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کے لئے عوامی درباروں کا ایک وسیع پروگرام شروع کیا ہے اور اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست کے کئی اضلاع میں عوامی دربار منعقد کئے۔بعد میں وزیر نے3 کلو میٹر لمبی میرا کھیتاں سڑک کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس خطے کی مجموعی ترقی کے لئے کئی اقدامات شروع کئے ہیں جن میں139 کروڑ روپے والا میڈیکل کالج بھی شامل ہے۔