سرینگر//ریاست کے چیف سیکرٹری کا عہد ہ سنبھالنے کے بعد بی بی ویاس نے کشمیر صوبہ کی سول اور پولیس انتظامیہ کے افسروں کے ساتھ پہلی میٹنگ میں وادی کشمیر میں ترقیاتی سرگرمیوں اور امن و قانون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید ،صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان،آئی جی پی کشمیر ایس جے ایم گیلانی ، آئی جی پی سی آئی ڈی اے جی میر ، ڈی آئی جی سی کے آر غلام حسن بٹ ،ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر فاروق احمد لون ، ایس ایس پی سرینگر آئی آئی پرے،ایس ایس پی ٹریفک سرگن شکھلابھی موجود تھیں۔اس کے علاوہ ڈی آئی جی جنوبی کشمیر ، ڈی آئی جی شمالی کشمیر ،ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ضلع پولیس سربراہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ کے دوران چیف سیکرٹری کو مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں اور امن و قانون کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔ چیف سیکرٹری نے افسروں کو لگن اور تن دہی کے ساتھ کام کر کے لوگوں کے مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے اس سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنروں اور پولیس سربراہوں کو خصوصی ہدایات دیں۔ انہوں نے عام لوگوں کو مستفید کرنے کے لئے تمام پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل پر بھی زور دیا۔چیف سیکرٹری نے دریائے جہلم کی ڈریجنگ میں سرعت لانے ،حصول اراضی کے معاملا ت کو فوری نمٹانے ،ایس ڈی آر ایف سے جڑے معاملات کو حل کرنے اور تمام اضلاع خصوصاً شہر سرینگر میں ٹریفک نظام میں بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقعہ پر ریاستی پولیس کے سربراہ اور دیگر افسروں نے بھی ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ضلع پولیس سربراہوں کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے تجاویز اور ضروری ہدایات دیں۔