ترسیلی لائنیں باعث خطرہ

کنگن//گورنمنٹ ہائی سکول سمبل بالا کی عمارت کے ساتھ ترسیلی لائن گذرنے سے طالب علموں کے علاوہ اساتذہ میں خوف و ہراس پایا جارہا ہے۔اس سلسلے میں کئی والدین نے بتایا کہ تحصیل گنڈ کے سمبل بالا علاقے میں گورنمنٹ ہائی سکول کی عمارت کے چاروں طرف سے ترسیلی لائن گذرتی ہے جس سے سکول میں زیر تعلیم ایک سو طالب علموں کے علاوہ اساتذہ کو خطرہ لاحق ہے ۔والدین کا کہنا ہے کہ بارشوں اور تیز ہوائوں کے نتیجے میں کبھی بھی کوئی حادثہ پیش آسکتا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار محکمہ بجلی کے افسران سے مطالبہ کیا کہ سکولی عمار ت سے گذرنے والی ترسیلی لائنوں کو کسی دوسری جگہ منتقل کیا جائے ۔ معلوم ہوا ہے کہ گذشتہ سال ایک عوامی دربار میں ڈی سی گاندربل پیوش شنگلاکوبھی اس بارے میں آگاہ کیا گیا اورانہوںنے محکمہ بجلی کے افسران کو ہدایت دی تھی کہ سکول عمارت سے گذرنے والی بجلی لائنوں کو دوسری جگہ منتقل کیا جائے تاکہ سکول میں زیر تعلیم طلاب کے علاوہ اساتذہ کو کسی حادثے کا خدشہ نہ رہے ۔سکول میں زیر تعلیم طلاب کے والدین نے ڈی سی گاندربل سے اپیل کی کہ اس اہم معاملے میںذاتی مداخلت کریں۔