ترال کے مدرس جوڑے کیخلاف اسکول کی کارروائی

 سرینگر//پانپورکے استاد جوڑے جنہیں پانپورکے ایک اسکول نے شادی کے بندھن میں بندھ جانے کی پاداش میں اسکول کی نوکری سے فارغ کیا تھا،کودوبارہ اسکول میں تعینات کرنے کےلئے محکمہ تعلیم سامنے آیا ہے۔ریاستی وزیرتعلیم سیدالطاف بخاری کے مطابق ان دونوں نے کوئی گناہ نہیں کیاہے اور انہیں اسکول میں ہی رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ناظم تعلیمات نے یہ معاملہ اسکول انتظامیہ کے ساتھ اُٹھایا ہے اور اب تک یہ معاملہ سلجھایا گیا ہوگااگران دونوں کے خلاف اور کوئی الزام نہ ہو جوکچھ اخبارات میں شائع ہوا ہے۔طارق احمد اور اس کی بیوی سمیہ طارق دونوں آرہ گام ترال کے رہنے والے ہیں ۔طارق اسکول کی بائزونگ میں استاد ہیں جبکہ ان کی اہلیہ اسکول کی گرلز ونگ میں پڑھاتی ہیں ۔ان دونوں نے آپس میں شادی کی اور اسکول انتظامیہ نے انہیں ان کی شادی کے دن ہی اسکول کی ملازمت سے فارغ کیا۔بخاری نے کہا کہ انہوں نے کیا غلط کیا ؟ان نکاح ہوا ہے اور ان کی شادی ان کے والدین نے کی ہے۔