ترال//ترال میں گزشتہ کئی روز سے فورسز کے ہاتھوں گرفتار نوجوانوں کو رہا نہ کرنے کے خلاف مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے بس اسٹینڈ ترال میںاحتجاج مظاہرے کئے۔اس دوران فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ ترال کے مختلف علاقوں میں فورسز نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران چھاپوں کے دوران تقریباً 20نوجوانوںکو گرفتارکیا ہے۔جمعر ات کی صبح نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے ترال بازار بند کر وا کر بس اسٹینڈ ترال میں زوردار احتجاج کر کے گرفتار نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔گرفتار نوجوانوں کے رشتہ داروں نے بتایا فورسز نے مختلف علاقوں میں شبانہ چھاپو ںکے دوران ان کے رشتہ داروں کو گرفتار کر کے تھانوں اور کیمپوں میں بند رکھا اورکئی روز گزر جانے کے باوجود کسی کو بھی رہا نہیں کیا جا رہا ہے۔ اسی دوران فورسز کی ایک گاڑی گزر رہی تھی جس پر نوجوانوں نے شدید پتھرائو کیا ۔فورسز اہلکاروں نے نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسوگیس کے درجنوں گولے داغ کر انہیں تتر بتر کر دیا اس دوران پولیس ذرائع نے بتایاانہوں نے کسی کو گرفتارنہیں کیا بلکہ انہیں فوج نے گرفتار کیا ہے۔
ترال میں گرفتاریوں کیخلاف ہڑتال
