ترال میں قصاب کا کورونا ٹیسٹ مثبت، دکان سیل ،موجود گوشت ضائع

ترال //جنوبی ضلع پلوامہ میں سب ضلع ترال کے بس اسٹینڈ میں قائم ایک قصاب کا کوروناٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد پولیس اور سیول انتظامیہ نے مذکورہ قصاب کی دکان کو سیل کر کے وہاں موجود گوشت کو بھی ضائع کیا ۔
قصاب کی دکان مین بس اڈہ میں موجود ہونے کی وجہ سے کافی علاقوں کے لوگ یہاںسے گوشت لیتے رہے ہیںاس لئے پورے ترال علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ 
ایس ڈی پی او ترال ڈاکٹر اعجاز ملک نے بتایا” سبزی ،دودھ،گوشت ،روٹی وغیرہ فروخت کرنے والوں کی کورونا جانچ کرانے کے دوران اس قصاب کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے “۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہے کہ قصاب نے ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود دکان کھلی رکھی تھی اور اگر ایسا تھا تواس صورت میں دکاندار کے خلاف قانونی کارروائی بھی ہوگی۔
ادھر واقعہ کے بعد بس اسٹینڈ ترال اور ترال بالا علاقوںمیں لوگوں کی ماس ٹیسٹنگ شروع کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ترال میں کورونامثبت کیسوں کی تعداد3سو کے قریب پہنچ گئی ہے۔