سرینگر/جنگجوئوں نے سوموار کی شام جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں فوج کی ایک گشتی پارٹی پر حملہ کیا۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ جنگجوئوں نے پنگلش ترال میں فوج کی پارٹی پر گولیاں چلائیں۔ فوجی اہلکاروں نے بھی جواب میں گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں طرفین کے مابین تھوڑی دیر کیلئے گولیوں کا تبادلہ ہوا تاہم اس سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
فورسز نے واقعہ کے فوراً بعد جنگجوئوں کو پکڑنے کیلئے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا ۔
ادھر ترال ہی میں نامعلوم افراد نے کوچھمولہ نامی گائوں میں ایک پنچ، غلام محمد میر کے گھر پر پیٹرول بم پھینکا۔
پولیس نے کہا کہ نامعلوم افراد نے ترال ہی کے بٹہ گنڈ گائوں میں بھی ایک سابق کانگریس لیڈر کے گھر کو پیٹرول بم کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق دونوں واقعات میں ڈیوٹی پر موجود حفاظتی اہلکاروں نے جوابی کارروائی عمل میں لائی تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔