ترال میں عوامی اتحاد پارٹی کی انتخابی ریلیاں برآمد | عبداللہ اور مفتی خانوادوں نے تباہی مچادی:انجینئر رشید

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے این سی اور پی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں عبداللہ اور مفتی خاندانوں نے آج تک تباہی مچا دی ہے اور اب لوگوں کو اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کرکے ان طاقتوں کے خلاف جمہوری طریقے سے جواب دینا چاہئے۔انجینئر رشید ترال بس اسٹینڈ میں ایک چناوی جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے اس موقع پر مرکزی حکومت کو بھی آڈے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کو ڈرو مت، اور ڈراو مت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی اور عوامی اتحاد پارٹی مل جل کر الیکشن لڑے گی جہاں ہمارا امیدوار ہوگا ،ہم وہاں ان کا تعاون کریں گے اور جہاں وہ امیدوار کھڑا کریں گے ہم ان کی حمایت کریں گے۔اس دوران انجینئر رشید نے ضلع کے مختلف علاقوں میں ریلیوں سے خطاب کیا جس میں پاری گام سمیت کئی علاقے شامل ہیں ۔اس دوران اونتی پورہ سے ترال تک ایک روڈشو کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر پارٹی کے حلقہ انتخاب ترال کے نامزد امیدوار ڈاکٹر ہر بخش سنگھ اور سینئر لیڈر جی این شاہین کر رہے تھے۔