ترال میں شہری گولی مار کر ہلاک

ترال+سرینگر// ترال قصبے میںبندوق برداروں نے گاڑیوں کے کارو بار سے وابستہ ایک نوجوان پر گولی مار کر ہلاک کردیا۔ادھر زینہ کدل میں فورسز کے ایک بینکر پر جنگجوئوں نے گرینیڈ پھینکا جو نشانہ چوک کر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک شہری مارا گیا جبکہ ایک شدید طور پر زخمی ہوا۔جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال میں نا معلوم بندوق برداروں نے30سالہ شبیر احمد بٹ ولد محمد صدیق بٹ ساکن گامراج روڑ ترال پر جمعہ کی شام ساڑے سات بجے کے قریب اپنی گاڑی زیر نمبر CH01AQ/8750 میں گھر جا رہا تھا جس دوران نا معلوم بندوق برداروں نے انکی گاڑی روکنے کے بعد ان پر کئی گولیاں مار یں جو اسکے سر میں جالگیں ۔اس دوران مذکورہ نوجوان بری طرح زخمی ہوا اور اسے شدید زخمی حالت میں فوری طورپرایس ڈی ایچ ترال منتقل کیا گیا ،تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ خیال رہے اس سے قبل 9فروری کو بھی اسے علاقے میں ایک ٹھیکیددار غلام نبی میرکو نا معلوم بندوق برادروں نے گولی مار کر ہلاک کیا تھا۔ادھر واقعے کے فوراً بعد فوج اور پولیس نے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آروں کی تلاش تیز کر دی ۔ جہاں دیر گئے تک تلاشی کارروائی اور آنے جانے والوں کی پوچھ تاچھ کی جارہی تھی۔ادھر ایس ایس پی اونتی پورہ نے بتایا کہ شبیر احمد بٹ اپنی ڈسٹر گاڑی میں گھر جا رہا تھا جس دوران بندوق برداروں نے ان پرگھر کے نزدیک گولی مار کربری طرح زخمی کر دیا۔جو بعد میںزخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا ۔پولیس نے واقعے کے حوالے سے  کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔  ادھر مشتبہ جنگجوئوں نے زینہ کدل میں 23بٹالین سی آر پی ایف کے ایک بینکر پر گرینیڈ پھینکا کو نشانہ چوک کر سڑک پر زوردار دھماکہ سے پھٹ  گیا جس کے نتیجے میں غلام نبی آہنگر ساکن آستان محلہ زینہ کدل شدید زخمی ہوا۔26سالہ شہری کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔مذکورہ شخص محکمہ بجلی کا سابق ملازم تھا۔اس واقعہ میں رفیق احمد ایک اور شہری زخمی ہوا ۔ واقعہ کے بعد علاقے کا محاصرہ کیا گیا اور راہ گیروں اور گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔