ترال//جنوبی ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں پیرکو بارشوں کے دوران کئی علاقوں میں شدید ژالہ باری بھی ہوئی جس کے نتیجے میں میوہ باغات کو کافی نقصان ہوا۔تحصیل آری پل کے تحت آنے والے علاقوں ستورہ ،نارستان علاقوں میں پیر کی صبح شدید ژالہ باری کے نتیجے میں یہاں کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ چند منٹوں کی ژالہ باری نے فصلوں کو بھاری نقصان سے دوچار کیا۔اولے کافی دیر تک زمین پر جمع رہے اور قہر انگیز ژالہ باری سے میوہ باغات تباہ ہوئے۔ژالہ باری سے مکی ، دھان کی پنیری ،بادام اور دیگر میوہ جات کو نقصان پہنچا۔ علاقے میں قریب 3انچ تک اولے پڑے۔ادھر سونہ مرگ، زوجیلا، گنڈ اور کنگن کے کئی علاقوں میں دن میں وقفے وقفے سے موسکادھار بارشیں ہوئی اور ژالہ باری بھی ہوئی۔ادھرجمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب سرحدی قصبہ کرناہ کے متعدد علاقوں میںآندھی وتیز بارشوں کے ساتھ ساتھ ژالہ باری ہوئی اورکئی منٹوں تک جاری رہی ۔محکمہ موسمیات نے اگلے24گھنٹے موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے اورکہیں تیز ہوائیں توکہیں ژالہ باری ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہاکہ کشمیروادی میں 6جون تک دور دور تک کہیں ہلکی بارش ہونے اورتیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ادھر مشتاق الحسن نے ٹنگمرگ سے اطلاع دی ہے کہ گلمرگ کی افروٹ پہاڈی پر سوموار کو اسوقت تازہ ہلکی برفباری ہوئی جب گلمرگ اور ٹنگمرگ میں موسم اچانک خراب ہوا جس کے ساتھ ہی تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہونسے گلمرگ کی افروٹ پہاڈی پر ہلکی تازہ برفباری ہوئی ۔افروٹ پہاڈی پر ہلکی برفباری ہونے کے ساتھ ہی لوگوں نے ٹھٹرا دینے والی سردی محسوس کی جبکہ لوگوں نے سردی سے بچنے کے لیے گرم ملبوسات استمال کیے ۔
ترال میں شدید ژالہ باری
