ترال// ترال میں موجود سپورٹس اسٹیڈیم میں موجود 46 توت کے درختوں کو سرکار نے کاٹنے کا حکمنامہ جاری کیا ۔اس دوران محکمہ سری کلچر نے حکمنامے کی فوری تعمیل کرتے ہوئے ان کی نیلامی کیلئے بھی احکامات صادر کئے۔ ترال قصبہ سے 2کلو میٹر دور بجونی کے مقام پر 120کنال اراضی پر مشتمل سپورٹس اسٹیڈیم موجود ہے، جہاں سب ضلع کے اکثر بچے اور نوجوان مختلف کھیل کھیلتے ہیں۔ میدان میں متعدد توت کے درخت موجود ہونے کے باعث کھلاڑیوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پرتا تھا۔ترال سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں20سال سے اسٹیڈئم میں موجود درختوں کو کاٹنے کی گزارش کرتے آرہے ہیں لیکن ہمیشہ ٹال مٹول سے ہی کام لیا جاتا تھا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو سال کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال شبیر احمدرینہ،سپورٹس کونسل ترال کے انچارج محمد اکرم اور کچھ کھلاڑیوں نے اس سلسلے میںتمام قانونی لوازمات پورے کئے ،جس کے بعد صوبائی انتظامیہ نے میدان میں موجود ان46درختوں کو کاٹنے کا حکم دیا جو کھیلنے کے دوران کھلاڑیوں کو مشکلات پیدا کرتے تھے۔ اس سلسلے میں محکمہ سری کلچرنے ایک حکمنامہ زیر نمبر68بتاریخ5جون 2020کو جاری کیا ہے جس میں صوبائی کمشنر نے اسٹیڈئم میں موجود 46توت کے درختوں کے کاٹنے کا حکم دیا ہے ۔جمعرات کو محکمہ سریکلچر کے اعلیٰ حکام نے ترال کا دورہ کر کے اس حوالے سے باضابطہ کارروائی شروع کی ہے ۔ترال میںیہ خبرپھیلتے ہی کھیل شائقین میں خوشی کی لہر پھیل گئی۔انہوں نے صوبائی کمشنر کشمیر،اے ڈی سی ترال شبیر احمد رینہ،انچارج سپورٹس کونسل ترال محمد اکرم اور محکمہ سری کلچر کا شکریہ ادا کیا۔