ترال میں سی آر پی ایف کی ناکہ پارٹی پر گرنیڈ حملہ

ترال// ترال میںسی آر پی ایف کی ناکہ پارٹی پر پھینکے گئے گرینیڈ حملے میں دو مقامی دکاندار اور دو اہلکاروں سمیت چار افراد زخمی ہوگئے جبکہ نوجوانوں کی جانب سے بس اسٹینڈ ترال میں فورسز کی گاڑیوں پر پتھراو کی وجہ سے اتھل پتھل مچ گئی ۔ جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال سے تقریباً تین کلومیٹر دور بٹہ گنڈ کچھ ملہ موڑ کے نزدیک سنیچر کی صبح بارہ بجے کے قریب اس وقت افرا تفری اور اتھل پتھل مچ گئی جب ناکے پر بیٹھے سی آر پی ایف کی ایک بکتر بند گاڑی پر نا معلوم افراد کی جانب سے ایک ہتھ گولہ پھینکا گیا جو زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا ۔ سی آر پی ایف اہلکاروں نے بھی حملے کے بعد ہو امیں کئی رونڈ چلائے جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوا ۔ حملے میں سی آر پی ایف 180بٹالین سے وابستہ دو اہلکار اورحملے کی جگہ کے بالکل قریب میں واقع دو دکاندار جن کی شناخت 30 سالہ شبیر احمد بٹ ولد مرحوم عبد السلام بٹ اور 32سالہ بلال احمد شیخ ولدعبدالغنی ساکنان کچھمولہ ترال زخمی ہوئے ۔جنہیں فوری طور علاج معالجہ کیلئے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ترال منتقل کیا گیا ۔ اس کے بعدفورسز کی ایک بڑی تعداد جائے واردات کی طرف جارہی تھی کہ ان پر نوجوانوں نے بس اسٹینڈ کے نزدیک شدید پتھرائوکیا جس کی وجہ سے بس اسٹینڈ ترال میں اتھل پتھل مچ گئی ۔جبکہ مذکورہ علاقے میں آناً فاناً ٹرانسپورٹ سڑکوںسے غائب ہوا تاہم بعد میں حالات معمول پر آگئے۔واقعے کے بعد کئی بستیوں اور سڑکوں پر تلاشی کاروائیوں کا سلسلہ شروع کیا گیا