ترال حادثہ: زخمی نوجوان ہسپتال میں دم توڑ گیا

سری نگر//جنوبی ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں پیر کی صبح کو ایک موٹر سائیکل ایل پی ٹرک سے ٹکرا گیا جس وجہ سے نوجوان شدید طورپر زخمی ہوا، اگر چہ اُس سے ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔
 
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سب ضلع ترال کے مین ٹاون علاقے میں پیر کے روز موٹر سائیکل اور ٹرک کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی جس وجہ سے موٹر سائیکل سوار شدید طورپر زخمی ہوا۔
 
انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے نوجوان کو ہسپتال پہنچایا تاہم کچھ گھنٹوں تک موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد نوجوا ن پیر کی سہ پہر کو ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
 
متوفی نوجوان کی شناخت شاکر احمد نائیک ولد اسد ا ﷲ نائیک ساکن امیر آباد کے بطور ہوئی ہے۔
 
معلوم ہوا ہے کہ جونہی نوجوان کی لاش اُس کے آبائی علاقے پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا، خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں بعد میں اُس کو پُر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد لحد کیا گیا۔
 
پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
 
بتادیں کہ متوفی نوجوان کا والد تین ہفتے قبل ہی داعی اجل کو لبیک کہہ گیا تھا۔