ترال اور جموں میں سڑک حادثات: شہری اور کیپٹن ہلاک، لیفٹنٹ شدید زخمی

ترال+جموں //ترال اور جموں میں الگ الگ سڑک حادثات کے دوران ایک معمر شہری ، فوجی کپٹن لقمہ اجل بن گئے جبکہ لیفٹنٹ شدید زخمی ہوا۔ترال میں سڑک کے ایک حادثے میں سوموکی زد میں آکرایک معمر شہری لقمہ اجل بن گیا۔ پولیس نے واقعے کے حوالے سے ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ۔جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال سے تین کلومیٹر دورکہلیل روڑ پر آئی ٹی آئی ترال کے نزدیک جمعرات کے صبح دس بجے کے قریب ایک سومو گاڑی زیر نمبر JK13 B-9915ڈرئیور کے قابو سے باہر ہوئی جس نے راہ چلتے ایک معمر شہری 75سالہ غلام محمد شیخ ولد غلام حسن شیخ ساکنہ ہسپتال روڑ ترال کو ٹکرمارکر بری طرح زخمی کیا ۔اگر چہ زخمی شہری کو مقامی لوگوں نے فوری طور اسپتال منتقل کر نے کوشش کی تاہم مذکورہ شہری اسپتال پہنچانے سے قبل ہی لقمہ اجل بن گیا۔ پولیس نے اس حوالے سے قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد لاش کو لواحقین کے سپرد کر کے ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی۔ ادھر جموں شہر کے مضافاتی علاقہ میں رونما ہوئے سڑک کے ایک حادثے میں آرمی کیپٹن لقمہ اجل اور ایک افسر شدید زخمی ہوا۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ جمعرات کی صبح جموں شہر کے مضافاتی علاقے عقل پور تالاب تلو میں اُس وقت پیش آیا جب مذکورہ فوجی افسر کیSUV گاڑی بجلی کھمبے سے جا ٹکرائی ۔26سالہ کیپٹن رکھشت اور لیفٹنٹ رن وجے سنگھ ’ایس یو وی ‘ گاڑی میں سفر کررہے تھے ،جس دوران عقل پورموڑ کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے گاڑی باہر ہوئی اور بجلی کھمبے سے جا ٹکرائی ۔عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حادثہ اس قدر شدید تھا گاڑی میں سوار دو نوں فوجی افسر شدید زخمی ہوگئے ۔پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے دونوں فوجی افسران کو خون میں لت پت اسپتال پہنچا یا ،جہاں کیپٹن رکھشت زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔پولیس نے مہلوک فوجی افسر کا پوسٹ مارٹم جی ایم سی اسپتال میں کرایا اور قانونی لوازمات پُر کرنے کے بعد نعش کو فوج کے سپر د کردیا گیاجبکہ معاملے کی نسبت ایک کیس بھی درج کیا ۔اس دوران زخمی لیفٹنٹ رن وجے سنگھ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ادہم پور کے شمالی کمان ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔