ترال، پانپور اور اونتی پورہ میں 115سنگ بازوں کے کیس منسوخ

 اونتی پورہ// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی جانب سے پہلی بار پتھرائو کرنے کے مرتکب نوجوانوں کیلئے عام معافی دینے کے ضمن میں پولیس نے ترال ،اونتی پورہ اور پانپور میں115نوجوانوں کے خلاف دائر معاملات  واپس لئے ۔ان نوجوانوں کے خلاف تینوں مقامات پر پولیس تھانوں میں کیس در ج کئے گئے تھے۔اس سلسلے میں پولیس لائز اونتی پورہ میں سوموار کو ایک ایس ایس پی اونتی پورہ محمد زاہد ملک اور ڈی ایس پی اونتی پورہ اور پانپور کی صدارت میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں کے علاوہ ان کے والدین بھی شامل تھے۔ اس موقعہ پر  پولیس نے نوجوانوں کے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو نصیحت کریں کہ وہ اس کام سے دور رہ کر اپنے مستقبل کو سنواریں۔ایس ایس پی نے کہا کہ نوجوانوں کے کیس اس لئے واپس لئے گئے ہیں تاکہ نوجوانوں کو بہتر زندگی گزارنے میں کوئی پریشانی نہیں ہو۔