تحصیل دفتر اوڑی 6دنوں سے سربراہ کے بغیر | دفتری کام متاثر، عوام اور طلاب مشکلات سے دوچار

اوڑی//تحصیل دفتر اوڑی گزشتہ6دنوں سے تحصیلدار کے بغیر ہونے سے عوام اور طلاب کو ضروری اسناد کی فراہمی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ 9فروری کو تحصیلدار اوڑی کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد تحصیل اوڑی کا دفتر سربراہ کے بغیر ہے۔ تحصیلدار کی غیر موجودگی کے سبب اوڑی کے لوگوں اور خاص کر طلاب کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مقامی لوگوںکاکہنا ہے کہ تحصیلدار کی غیر موجودگی کی وجہ سے ریذیڈنٹ آف بیک ایریا سرٹفکیٹ(RBA)، پہاڑی سپیکنگ سٹریفکیٹ(PSP)، ڈومسائل سرٹیفکیٹ اور دیگر کام متاثر ہوکررہ گیا ہے۔ اس دوران ایس ڈی ایم اوڑی نے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تحصیلدار اوڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے سبب وہ گھر میں قرنطین میں ہیں اور صحت کی بنیاد پر 2ماہ کی رخصت خاص (Earned Leave)کیلئے درخواست دی ہے ۔ اس سلسلہ میں یہ سفارش کی جاتی ہے کہ انتظامیہ اور عوام کے مفاد ات کو دیکھتے ہوئے تحصیلدار بونیار کو تحصیل آفس اوڑی کااضافی چارج دیا جائے ۔