تحصیل تھرو میں آنگن واڑی سنٹر برائے نام

گول//ضلع ریاسی کی تحصیل تھرو پنچایت بدھن ہاڑی والا کی عوام نے یہاں پر آنگن واڑی سینٹروں کو بند کرنے یا بہتر طریقے سے چلانے کا مطالبہ کیاہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وارڈ نمبر دو ، تین اور چار میں پچھلے دس سال سے آنگن واڑی سینٹر کھولے گئے لیکن آج تک وہ بند پڑے ہوئے ہیں اور عوام کو بھی ان کا اتہ پتہ بھی نہیں ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ آئی سی ڈی ایس کی جانب سے گزشتہ ماہ ایک آرڈر جاری ہوا تھا جس میں آنگن واڑی سینٹروں پر بچوں سمیت یہاں کے نمبر دار ، چوکیداروں کو ایک تصویر کھینچنے کو کہا گیا تھا لیکن افسوس کا مقام ہے کہ اُس دن بھی یہاں پر کوئی ورکر یا ہیلپر موجود نہیں تھی ۔ لوگوں نے کہا کہ آنگن واڑی سینٹروں پر کھانا بنانا دور کی بات ہے یہاں پر لوگوں کو اس بارے میں کوئی جانکاری بھی نہیں ۔ ریاض احمد نامی شخص کا کہنا ہے کہ یہاں پر آنگن واڑی سینٹر برائے نام ہیں اور ان کو زمینی سطح پر چلانے کے لئے انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ خود آکر ان علاقوں کا جائزہ لیں اور لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں یاپھر انہیں بند ہی کردیاجائے۔