تحریک مزاحمت کے سرکردہ رہنما ایس حمیدکی برسی پر تقاریب

 سرینگر//حریت(ع)،نیشنل فرنٹ،پیپلز لیگ،لبریشن فرنٹ (آر)، اسلامک پولٹیکل پارٹی ، مسلم ڈیموکریٹک لیگ اور تحریک مزاحمت نے تحریک مزاحمت کے سرکردہ رہنما ایس حمید کو ان کی 19ویں برسی پر تحریک آزادی کے تئیں انکی بے لوث اور گرانقدر خدمات اور قربانیوںپر  خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے جس بلند نصب العین کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اُس کو پایہ تکمیل تک لیجانا موجودہ مزاحمتی قیادت اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ حریت(ع)نے کہا ہے کہ تحریک مزاحمت کو پایہ تکمیل تک لیجانا موجودہ مزاحمتی قیادت اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔بیان میںکہا گیا کہ مرحوم ایس حمید ایک مخلص تحریک پسند انسان تھے جنہوں نے حریت کانفرنس کے قیام میں ایک بنیادی کردار ادا کیا اور آج جبکہ کشمیری قوم اپنی جدوجہد آزادی کے حوالے سے ایک نازک اور فیصلہ کن مرحلے پر کھڑی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم اپنی جائز جدوجہد کے تئیں بھر پور یکجہتی اور وابستگی کا مظاہرہ کرے۔ اس دوران حریت چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی ہدایت پر حریت اور عوامی مجلس عمل کے مرکزی عہدیداروں اور اراکین پر مشتمل ایک وفد نے مزار شہداء عیدگاہ سرینگر جاکر مرحوم رہنما کی برسی کے سلسلے میں منعقدہ دعائیہ مجلس میں شرکت کی۔وفد میں یوتھ رہنما مشتاق احمد صوفی، محمد یعقوب مسعودی اور محمد صدیق ہزار شامل تھے ۔بیان کے مطابق اس دوران حریت کے مرکزی دفتر راجباغ پر ایک خصوصی دعائیہ مجلس منعقد کی گئی جس میں متعدد حریت اراکین اور حریت صدر دفتر کے عملے نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پرانہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا اور انکے حق میں فاتحہ خوانی کی گئی۔نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کرتے ہوئے مزار شہداعید گاہ جاکر ایس حمید کو اُن کی برسی کے موقع پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدیت پیش کیا ۔موصولہ بیان کے مطابق ایس حمید کو کم و بیش ڈیڑھ دہائی قبل صورہ سرینگر میں واقع اُن کی رہائش گاہ سے فورسز نے گرفتار کرکے حراست کے دوران جاں بحق کیا۔اس موقع پرنعیم خان نے کہا کہ موصوف آزادی کی علامت تھے اور اُنہیں اُن کے اخلاص کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔نعیم خان نے کہا کہ اُن کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن سطح پر جد و جہد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس حمید ایک دانشور اور ولولہ انگیز قائد تھے جنہوں نے آزادی کے معنی و مطالب کو فکری طور پر سمجھ رکھا تھا اور یہی وجہ ہے کہ آج بھی آزادی کے پروانے نتائج کی پرواہ کئے بغیر دنیا کی ایک بہت بڑی فوجی قوت کو للکار رہے ہیں اور قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پیپلز لیگ نے تنظیم کے سابق چیئرمین ایس حمید وانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع کی صدارت میں پیپلز لیگ کی طرف منگل کو ایک دعائیہ مجلس کا انعقادہوا جس میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔موصولہ بیان کے مطابق سید محمد شفیع ،غلام قادر راہ ،مشتاق احمد اور لیگ کے دیگر کارکنوں نے منگل کی صبح مزار شہدا سرینگر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں مرحوم  کو خراج عقیدت پیش کیا ۔لبریشن فرنٹ (آر)نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایس حمید کی جدوجہد و قربانیاں ہمیشہ یاد کی جائیں گی۔ اسلامک پولٹیکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش ، مسلم ڈیموکریٹک لیگ کے صدر حکیم عبدالرشید اور تحریک مزاحمت کے جنرل سیکریٹری سلیم زرگرنے مزار شہداء عیدگاہ جاکر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔