تحریک حریت لیڈر میر حفیظ اللہ کے قتل کا معاملہ

سرینگر// انسانی حقوق کے ریاستی کمیشن نے تحریک حریت لیڈر میرحفیظ اللہ کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر اور ایس ایس پی اننت ناگ سے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے اس ہلاکت سے متعلق ریاستی بشری کمیشن کے دروازے پر دستک دیتے ہوئے ایک عرضی زیر نمبر  SHRC/403/Ang/201پیش کی،جس میں اس واقعے کی معیاد بند تحقیقات کا مطالبہ کیاگیا۔درخواست کی سماعت کے دوران بشری حقوق کے ریاستی کمیشن کے سربراہ جسٹس(ر) بلال نازکی نے ایس ایس پی اننت ناگ اور متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر کے نام نوٹسیں جاری کرتے ہوئے مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم بندوق برداروں کی طرف سے ہلاکتوں کی تحقیقات کی جائے۔عرضی میں مزید کہا گیا ہے کہ باوجودیکہ مقتول تحریک حریت  لیڈر نے پہلے ہی کہا تھا کہ انہیں نامعلوم افراد کی طرف سے دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں،حکومت اور پولیس انکی زندگی کی حفاظت کرنے میں ناکام ہوئی،جس کے نتیجے میں وہ نامعلوم بندوق برداروں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔ عرضی میںمہلوک حریت لیڈر کے اہل خانہ کیلئے معاوضہ کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔