تحریک حریت سرینگر کا تربیتی اجتماع

سرینگر//تحریک حریت ضلع سرینگر کا ایک تربیتی اجتماع صدرِ ضلع سرینگر محمد رفیق اویسی کی صدارت میں ضلعی دفتر میں منعقد ہوا۔ اجتماع میں ضلع سرینگر کے تمام اراکین کے علاوہ امیدواران اور ہمدردان نے بھی شرکت کی۔ اجتماع کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض عمر رفیق اور درسِ قرآن کا فریضہ معراج الدین ربانی نے انجام دیا۔ صدارتی خطاب میں صدرِ ضلع نے تمام شرکاء اجتماع کو اسلامی اخلاق وکردار سے اپنے آپ کو آراستہ کرنے اور تحریک حریت کے اہداف کو عوام الناس تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت موسیٰؑ کی طرح ہمیں وقت کے فرعونوں اور مصلحت کوشوں کا خندہ پیشانی کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے، جو ہماری انقلابی جدوجہد میں سدِ راہ بنے ہوئے ہیں۔ اجتماع برادر مدثر ندوی کی دُعا پر اختتام پذیر ہوا۔