تجارتی اداروں ، ٹرانسپورٹروں اور مذہبی رہنمائوں سے

سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے یہاں شیر کشمیر انٹر نیشنل کانفرنس سینٹر ( ایس کے آئی سی سی ) میں تجارتی اداروں ، سیاحت سے وابستہ افراد ، مذہبی رہنماؤں اور دیگر متعلقین کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کر کے کووِیڈ وباء کی دوسری لہر کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال اور اس سے نمٹنے کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر غور و خوض کیا ۔ ڈپٹی کمشنر محمد اعجاز اسد ، ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی آہنگر ، کمشنر ایس ایم سی عامر اطہر ، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر ، ڈائریکٹر محکمہ دیہی ترقی اور دیگر اعلیٰ حکام پہلی میٹنگ میں موجود تھے ۔ دوسری میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر بڈگام ، چیئر مین ڈی ڈی سی بڈگام اور دیگر تمام افسران نے شرکت کی جو پہلی میٹنگ میں موجود تھے ۔دونوں میٹنگوں میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے مشیرموصوف نے پوری برادری کی بھلائی کیلئے اس وباء سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگ کووِیڈ کی ایس او پیز اور ہدایات پر سختی سے عمل پیرا رہیں تا کہ قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے ۔ انہوں نے ایک معقول ویکسی نیشن مہم چلانے پر زور دیتے ہوئے تمام شرکاء سے کہا کہ کووِیڈ ۔19 کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ویکسی نیشن کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں ۔ مشیرموصوف نے کہا کہ جموں و کشمیر کے پاس کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کافی وسائل موجود ہیں کیونکہ ویکسین یا آکسیجن کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ مشیرموصوف نے ایس ایم سی حکام کو ہدایات جاری کیں کہ وہ بھیڑ بھاڑ والے علاقوں خاص طور پر مذہبی مقامات پر صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں ۔ انفیکشن کو کم کرنے کیلئے آئی ای سی کی اہمیت اور آگاہی کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ پی آر آئی /یو ایل بی کے ممبران ، مذہبی رہنماؤں اور اس سلسلے میں مائیکرو سطح پر کمیٹیوں میں شمولیت اختیار کریں ۔ دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے اپنے اپنے اضلاع میں بنیادی ڈھانچے ، آکسیجن کی دستیابی کے علاوہ انتظامیہ کی کوششوں کے بارے میں تفصیلی پرذنٹیشن دی ۔ شرکاء کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور مسائل کے جواب میں مشیر نے ان کو یقین دلایا کہ تاجر برادری کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ اس موقعہ پر  تمام شراکت داروںنے اس وباء سے نمٹنے کیلئے اِنتظامیہ کی کاوشوں کی تکمیل کیلئے مشیر کو ان کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔