تانترے محلہ پٹن اور گوئیگام کنزرکامحاصرہ ،گھرگھر تلاشی

سوپور+بارہمولہ //پٹن کے تانترے پورہ گائوں کے محاصرے کے دوران فورسزاور نوجوانوں کے درمیان جھڑپ میں دو نوجوان  پیلٹ لگنے زخمی ہوگئے جنہیں علاج معالجہ کیلئے سرینگر منتقل کیاگیا۔تفصیلات کے مطابق فورسزکی ایک ٹیم نے مصدقہ اطلاعات ملنے کے بعد مخدوم محلہ تانترے پورہ پٹن کا سوموار شام کومحاصر ہ کیااور گھرگھر تلاشی مہم شروع کی ۔ذرائع کے مطابق جونہی فورسزنے گھرگھرتلاشی شروع کی تو کچھ نوجوانوں نے گھروں سے باہر آکراحتجاج کرنے کی کوشش کی ،جس کے بعد فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی ۔فورسزنے نوجوانوں کومنتشر کرنے کیلئے آنسوگیس کے گولے داغے اور لاٹھی چارج کیاجس سے دونوجوان زخمی ہوگئے۔جنہیں فوراًاسپتال لیجایا گیا۔اس سلسلے میں بی ایم اوپٹن نے ’کشمیرعظمیٰ‘کوبتایا کہ دونوجوانوں کو اسپتال لایا گیا جن کے جسم میں پیلٹ پیوست تھے۔انہوں نے کہا کہ ایک نوجوان کے سر اور ایک کی کمر  میںپیلٹ کے زخم تھے۔ابتدائی طبی امداد کے بعد دونوں کو سرینگر منتقل کیاگیا ۔ ادھر فورسز نے سوموار صبح کوگوئیگام کنزرٹنگمرگ کامحاصرہ کرکے تلاشی کارروائی شروع کی ۔اطلاعات کے مطابق فوج کی2آرآر،سپیشل آپریشن گروپ اور176سی آر پی ایف نے گوئیگام کنزر کا محاصرہ کرکے گھرگھر تلاشی مہم شروع کی۔پولیس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاعات ملنے کے بعد ہی یہ کارروائی شروع کی گئی۔