سرینگر//نیشنل کانفرنس نے حکومت اور انتظامیہ سے تازہ برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال سے عوام کو راحت پہنچانے کیلئے بروقت اور کارگر اقدامات اُٹھانے کی اپیل کی ہے۔ ایک بیان کے مطابق پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے دونوں صوبوں کی ڈویژنل انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ برفباری کے نتیجے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے جنگی بنیادوں اقدامات کریں اور ساتھ ہی آنیوالے دنوں میں بھاری برف باری کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیلڈ سٹاف کو متحرک رکھیں اور تمام سرکاری مشینری بھی تیاری کی حالت میں رکھا جائے۔ انہوں نے صوبائی کمشنروں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں سے اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر عوام کی راحت رسانی کے اقدامات کی نگرانی کریںاور سرحدی علاقوں ، جہاں رابطہ سڑکیں منقطع ہوئی ہیں، میں متعلقہ انتظامیہ اور فیلڈ سٹاف کو متحرک کریں اور ساتھ ہی ان علاقوں میں غذائی اجناس اور ادویات کا وافر سٹاک پہنچایا جائے۔ انہوں نے محکمہ بجلی کے حکام سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے علاقوں میں بجلی کی مکمل سپلائی بحال کریں جہاں برفباری سے ترسیلی لائینوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ساگرنے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام پر بھی زور دیاکہ وہ برفباری کے نتیجے میں بجلی متاثر ہونے کی صورت میں متبادل انتظامات پہلے سے ہی تیار رکھیں تاکہ ہسپتالوںمیں زیر علاج مریض خصوصاً کورونا متاثرہ افراد، جنہیں آکسیجن اور وینٹی لیٹر کی ضرورت پڑتی ہے، کو کسی بھی قسم کے مشکلات کا سامنا نہ کرناپڑے۔ دریں اثناء نیشنل کانفرنس کے پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک میٹنگ کا انعقاد جنرل سکریٹری علی محمد ساگر کی صدارت میں منعقد ہوئی ، جس میں برفباری سے پیدا شدہ صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی گئی اور ساتھ حکومت کی طرف سے اُٹھائے جارہے اقدامات کابھی جائزہ لیاگیا۔