سرینگر //تازہ برف باری کے نتیجے میں وادی کشمیرمیں ایک مرتبہ پھر بجلی سپلائی میں خلل پڑا اور شہر سمیت شمال وجنوب میں اکثر علاقوں میں بجلی سپلائی متاثر ہو گئی، تاہم محکمہ بجلی کا کہنا ہے کہ وادی کو فراہم کی جانے والی 1450میگاواٹ میں سے 550میگاواٹ بجلی متاثر ہوئی تھی تاہم محکمہ نے 300میگاواٹ بجلی سپلائی کو بحال کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ فی الوقت وادی کو 1450میگاواٹ میں سے 1200میگاواٹ بجلی فراہم ہو رہی ہے اور 250میگاواٹ کی کمی کا سامنا ہے ۔معلوم رہے کہ محکمہ بجلی کے چیف انجینئر اعجاز احمد ڈار نے افسران کے ہمراہ شہر کے متعدد گرڈ سٹیشنوں اور ریسونگ سٹیشنوں کا دورہ کیا ،اور برف باری سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔انہوں نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ شمال وجنوب میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے ۔چیف انجینئر نے کہا کہ 1450میگاواٹ بجلی سپلائی میں خلل پڑنے سے 550میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا تھا اور 900میگاواٹ رہ گئی تھی لیکن محکمہ کے ملازمین کی انتھک کوششوں کی بدولت شام تک 300میگاواٹ بجلی بحال کر دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ رات تک 90فیصد بجلی بحال کر دی جائے گی ۔
تازہ برفباری سے وادی کے مختلف علاقوں میں بجلی بحران
