تاریگام کولگام میں فورسز کی زیادتیاں افسوسناک:بار

سرینگر// کشمیرہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تاریگام کولگام میں محاصرے اورتلاشی کارروائی کے دوران فورسزکی طرف سے لوگوں کی ماردھاڑ کرنے کے علاوہ بجلی کے دوٹرانسفارمروں اور ایک موٹر سائیکل کونذرآتش کرنے اور پیلٹ گن کااستعمال کرکے 8افراد کو  زخمی کرنے کی مذمت کی ہے ۔ایک بیان کے مطابق بار کی ایگزیکیٹو کمیٹی ممبران کی میٹنگ میں لندن میں عالمی کشمیرکانفرنس منعقد کرنے جس میں پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ برطانوی ارکان پارلیمان نے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ کشمیر میں بھارتی فورسزکے ہاتھوں ہورہی انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیں اور ان کی روکتھام اور مسئلہ کشمیر کو لوگوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے اپنارول ادا کرنے کیلئے اقدام کریں،کی ستائش کی ۔ بار نے ڈاکٹر محمد قاسم فکتو کی استقامت کو بھی سلام پیش کیا جنہوں نے5فروری2019کو اسیری کے26برس مکمل کئے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ نہ صرف وہ بلکہ ان کی اہلیہ آسیہ اندرابی نے بھی رواں تحریک کو اپنا خون وپسینہ سے سینچا۔