تاریگامی اورجنتا دل یونائیٹڈ وفد کی گورنر سے ملاقات

 جموں//ایم ایل اے کولگام ایم وائی تاریگا می نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی ۔ اس دوران انہوں نے گورنر کے ساتھ ریاست میں امن اور معمول کے حالات کی بحالی سے جڑے معاملات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے انتظامی انتظام کے کام کاج میں شفافیت لانے اور عوامی اداروں خاص طور سے بینکوں میں جواب دہی کو فروغ دینے جیسے امور کو بھی زیر بحث لایا ۔گورنر نے عوامی بہبود کے کاموں کو فروغ دینے کے لئے ایم وائی تاریگامی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے تاریگامی پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے اقدامات جاری رکھیں تاکہ لوگ مستفید ہوسکیں۔ادھرجنتا دل یونائیٹیڈ کا ایک چار رکنی وفد آج پارٹی کے ریاستی صدر جی ایم شاہین کی قیادت میں گورنر این این ووہرا سے ملاقی ہوا۔وفد نے گورنر کو لوگوں کو درپیش مشکلات بالخصوص ملی ٹنسی اور کراس باڈر فائرنگ سے پید ا شدہ مصائب کے بارے میں جانکاری دی ۔ وفد نے سرحدوں کے نزدیک رہائش پذیر لوگوں کے لئے بنکروں کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سلیکشن عمل میں شفافیت لانے کا معاملہ بھی سامنے رکھا۔گورنر نے وفد کے احساسات کی ستائش کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ عوامی بہبود کے کام جاری رکھیں۔