تارزو سوپور کا تیسری بار محاصرہ، بانڈی پورہ میں کریک ڈاؤن جاری

سوپور +بانڈی پورہ // تارزو سوپور میں اتوار کو دوسرے روز بھی  تلاشیاں لی گئیں۔جبکہ بانڈی پورہ میں محاصروں کا سلسلہ جاری ہے۔سنیچر کو تارزو میں فورسز نے محاصرہ کر کے تلاشیاں لی تھیں لیکن اتوار کو ایک مرتبہ پھر 52آر آر، پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف کی بھاری تعداد نے بعد دوپہر امر پورہ تارزو کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی لی۔یہ اس علاقے میں پچھلے 3روز سے لگاتار تیسرا آپریشن تھا۔اس علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر آپریشن کیا جارہا ہے۔تلاشی کارروائی کی وجہ سے روز مرہ کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں اور ٹریفک میں خلل پڑا۔ ادھر اونگام بانڈی پورہ کے بعد اتوار کو لہروال پورہ ماہی گیر بستی بانڈی پورکو محاصرے میں لیکر گھر گھر تلاشی لی گئی۔ 27 آر آر اور پولیس نے لہروال پورہ ماہی گیروں کی بستی کی گھیرا بندی کرکے تلاشی لی عینی شاہدین کے مطابق بڑی تعداد میں فوج اور ایس او جی نے محاصرہ کر لیا ۔ آخری اطلاع ملنے تک تلاشی کارروائی جاری تھی۔